پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح کینیڈا میں بھی یوم پاکستان بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔اس حوالے سے بڑی تقریب دارلحکومت اٹاوا کے تاریخی سٹی ہال کے احاطے میں ہوئی جہاں سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ نے قومی ترانے کی دھن میں سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔تقریب میں پاکستانیوں اور پاکستان نژاد کینیڈینز کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں پاکستان نژاد کینیڈین ارکان پارلیمنٹ سینٹرسلمی عطا اللہ جان،ممبر پارلیمنٹ سلمی زاہد، ممبر پارلیمنٹ اقرائ خالد، ممبر پارلیمنٹ یاسر نقوی، ممبر پارلیمنٹ پال چیانگ اور ممبر پارلیمنٹ سمیر زبیری نمایاں تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے یوم پاکستان کی اہمیت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کی تشکیل کے لیے بانیان پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کے باہمی تعلقات کو گرمجوشانہ اور خوشگوار قرار دیا اور دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی و سفارتی روابط اور ماحولیاتی تبدیلیوں، علاقائی سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون پر روشنی ڈالی۔سفیر پاکستان نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کو کینیڈا کی معاشی اور سماجی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے اور ہر مشکل گھڑی میں مادر وطن کی پکار پر لبیک کہنے پر بھی بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثنائ اٹاوا کے علاوہ کینیڈا کے دیگر بڑے شہروں بشمول ٹورنٹو، مانٹریال اور وینکوور میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں اور پاکستانی قونصل خانوں کے علاوہ دیگر عوامی مقامات پر اجتماعات منعقد ہوئے۔