وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی کے ہمراہ 2.5 کلومیٹر طویل فٹ پاتھ کا افتتاح کردیا

وفاقی وزیر، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے  وفاقی سیکریٹری، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی کے ہمراہ بنی گالہ، اسلام آباد میں پاک-پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے نیے تعمیر کیے گئے 2.5 کلومیٹر طویل فٹ پاتھ کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران مولانا عبدالواسع نے منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور ملک کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔ عبدالواسع نے کہا کہ یہ منصوبہ وزارت نے علاقے کے پیدل چلنے والوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنانے اور حادثات کو کم کرنے کی غرض سے شروع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی، سیاسی اور آئینی بحران کے باوجود ہماری حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی بالخصوص معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کو کم قیمت مکانات اور رہائش کی فراہمی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے کہا کہ فٹ پاتھ سے پیدل چلنے والوں کے لیے آسانی پیداہوگی اور امید ہے کہ اس سے علاقے میں سفر کےساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کی زیادہ موثر حفاظت اور رسائی بہتر ہوگی۔ انہوں نے منصوبے کی جلد از جلد تکمیل پر پی ڈبلیو ڈی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا۔