بلوچستان کا خیبر پختونخوا کے ساتھ زمینی راستہ ژوب سے ڈیرہ اسمٰعیل خان کو ملانے والی ہائی وے پر مٹی کے تودے گرنے سے منقطع ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ ڈی آئی خان کے علاقے دہانہ سر کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں دونوں جانب مسافر کوچز، ٹرک اور کاروں سمیت سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔بلوچستان لیویز کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ بارش نہ ہونے کے باوجود اچانک شروع ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بچوں اور خواتین سمیت کئی مسافر وہاں پھنس گئے ہیں، تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی نارتھ کے جنرل مینیجر عنایت اللہ آغا نے بتایا کہ مشینری اور این ایچ اے کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا ہے اور پتھروں کو ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے گزشتہ شب دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ شاہراہ کلیئر ہونے کے بعد رات گئے تک ٹریفک بحال ہونے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ دونوں صوبوں کو ملانے والی کچلاک تا ڈی آئی خان این-50 شاہراہ کو اپریل میں بلوچستان کے ضلع شیرانی میں طوفانی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔خیبرپختونخوا کے سرحدی پہاڑوں اور کوہ سلیمان میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث سرحدی علاقوں میں شدید سیلاب آیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں مسافر بسیں اور چھوٹی گاڑیاں پھنس گئیں۔