پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ایف آئی آرز کا سلسلہ جاری ہے اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز ریلی نکالنے پر رہنما تحریک انصاف اسد عمر، راجا خرم نواز سمیت 180کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی کال پر گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی تھی۔
ریلی نکالنے پر تحریک انصاف کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مقدمہ رہنما تحریک انصاف اسد عمر، راجا خرم نواز سمیت 180کارکنان کے خلاف درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے اس طرح کی غیرقانونی ریلیوں پر اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ کر رکھا ہے لہٰذا ریلی کے شرکا کو لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ آپ کی ریلی غیرقانونی ہے لیکن شرکا نے حکم کی تعمیل نہ کرتے ہوئے سڑک بند کر کے ریلی جاری رکھی اور احتجاج شروع کردیا۔پولیس نے دفعہ 144 اور احکامات کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 38 کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا۔