پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد رانا ثنا اللہ کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور پتھراؤ کیا گیا۔فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ کے گھر کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان اور مسلم لیگ ن کے ورکرزکا ایک دوسرے پرپتھراؤ، پولیس طلب کر لی گئی۔پتھراؤ کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور رانا ثنا اللہ کے ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔
دوسری جانب کراچی میں شارع فیصل پرپاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین نے پولیس وین کو آگ لگا دی۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے شارع فیصل کو ٹریفک کی آمدو روفت کیلئے بند کردیا۔مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پولیس کی جانب سے آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی، مظاہرین نے اسٹریٹ لائٹ کے کھمبوں کو توڑ دیا۔