وزیرخارجہ نے اسلام آباد میں شیئر پاکستان پورٹل کا افتتاح کر دیا

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی خدمات کو جدید طریقہ کار کے ذریعے بہتر بنانے کا یقین دلایا ہے جس کا مقصد نئے حقائق اور جدید دنیا کے مسائل سے نمٹنا ہے۔انہوں نے یہ یقین دہانی  اسلام آباد میں شیئر پاکستان پورٹل کے اجراء کے موقع پر کرائی جس کا مقصد وزارت خارجہ اور بیرون ملک اس کے مشنز کے ڈھانچے اور کام کو مزید موثر اور فعال بنانا اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت انتظامی اصلاحات کے ذریعے وزارت خارجہ کی استعداد کار بہتر بنائے گی تاکہ وہ اپنے مینڈیٹ کے مطابق موثر خدمات انجام دے سکے۔انہوں نے شیئر پاکستان پورٹل کے حوالے سے کہا کہ اس آن لائن معیاری اطلاعاتی نظام سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد کے حصول کیلئے موثر عوامی سفارتکاری اقدامات میں مدد ملے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پورٹل وزارت خارجہ اور بیرون ملک اس کے سفارتی مشنوں کے درمیان عوامی سفارتکاری کے شعبے میں روابط میں آسانی پیدا کرنے اور معلومات کے تبادلے کیلئے شروع کیا گیا ہے۔