پاکستان کی متنازع ٹک ٹاک اسٹار اور اداکارہ حریم شاہ نے لندن میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین سے ملاقات کی جس کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی ہے۔
حریم شاہ، جو حال ہی میں منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، اُنہوں نے گزشتہ روز لندن میں کنگسٹن اپون تھیمز کراؤن کورٹ کے باہر بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر حریم شاہ نے نجی ٹی ویچینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ عدالت کے باہر چہل قدمی کر رہی تھیں اور اُسی وقت انہوں نے پاکستانی میڈیا کے نمائندوں کو عدالت کے باہر جمع دیکھا۔
حریم شاہ نے کہا کہ ‘جب مجھے یہ معلوم ہوا کہ الطاف حسین اپنی سماعت کے لیے عدالت کے اندر ہیں تو میں اپنے دوست کے ہمراہ عدالت کے اندر چلی گئی، مجھے بہت اچھا لگا کیونکہ مجھے بغیر کسی پریشانی کے اندر جانے کی اجازت دی گئی، میں برطانیہ کے قواعد و ضوابط کی تعریف کرتی ہوں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ جب بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سماعت کے بعد عدالت سے باہر آئے اور میں اُن کے پاس گئی تو گارڈ نے مجھے روکنے کی کوشش کی لیکن الطاف حسین اپنی کرسی سے کھڑے ہوئے اور گارڈ سے کہا کہ مجھے نہ روکے، اس کے بعد انہوں نے کافی دیر مجھ سے بات کی اور اللّہ سے میری مشکلات کو کم کرنے کی دعا کی۔‘
ٹک ٹاک اسٹار نے یہ بھی بتایا کہ ’اُنہیں یہ جان کر حیرانگی ہوئی کہ الطاف حسین کو پہلے سے ہی معلوم تھا کہ حریم شاہ کون ہے۔‘
حریم شاہ نے مزید کہا کہ ’میں نہیں جانتی کہ وہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ساتھ میرے کیس کے بارے میں جانتے ہیں یا نہیں لیکن اُنہوں نے میرے لیے دعا کی اور مجھے واقعی اس کے بارے میں اچھا لگا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اگرچہ، میں الطاف حسین کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی لیکن میں اب بھی اُن کا احترام کرتی ہوں۔‘
حریم شاہ نے مزید کہا کہ ’الطاف حسین میرے لیے ایک قابل احترام بزرگ ہیں اور ان کی دعائیں بہت معنی رکھتی ہیں۔‘