فلنگ اسٹیشنزپر 50٪ تک کم پٹرول بھرنے کے خلاف اوگرا کا سخت ایکشن

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے “صارفین کے حقوق کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی” کو مدد نظر رکھتے ہوئے عوام الناس کی متعدد شکایات پر ضلع شیخوپورہ کی مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک انفورسمنٹ ٹیم تشکیل دی جس نے علاقے کے بہت سے فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کرتے ہوئے ضلع شیخوپورہ کی تحصیل شرقپور شریف کے دو فلنگ سٹیشنوں کی نشاندہی کی جو پٹرولیم مصنوعات کی کم فلنگ میں ملوث پائے گئے ۔

معائنہ ٹیم کو ڈسپنسر کے اندر نصب ڈیجیٹل آلات ملے جو ان کے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے 50 فیصد تک کم بھرنے کے لیے پروگرام کیے گئے تھے۔اوگرا نے ایک بیان میں کہا کہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی شروع کرتے ہوئے “پرائس کنٹرول اور منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی ایکٹ 1977” کے تحت فلنگ اسٹیشنز سیل کرنے کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر بھی درج کروا دی گئی ہیں جبکہ ریموٹ کنٹرول آلات مقامی حکام نے اپنے قبضے میں لیتے ہوئے چھ افراد کو گرفتار بھی کر لیاہے۔