عیدالاضحیٰ ، 28 جون بروز بدھ کو بھی عام تعطیل کا اعلان

وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں میں اضافہ کرتے ہوئے 28 جون بروز بدھ کو بھی عام تعطیل کا اعلان کردیا۔2 روز قبل وفاقی حکومت نے 29 جون سے یکم جولائی تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا تاہم آج حکومت نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے نوٹیفکیشن پر نظرثانی کے بعد 28 جون سے یکم جولائی تک چھٹیوں کی منظوری دے دی اور کابینہ ڈویژن نے چھٹیوں میں اضافے کا نیا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق جن دفاتر میں ہفتے کے 5 روز کام ہوتا ہے ان کے لیے 28، 29 اور 30 جون بروز بدھ جمعرات اور جمعہ) عام تعطیل ہوگی۔علاوہ ازیں جن دفاتر میں ہفتے کے 6 روز کام کیا جاتا ہے ان کے لیے 28 جون تا یکم جولائی (بدھ تا ہفتہ) تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

عید الاضحیٰ میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کو اللہ کی راہ میں قربان کرتے ہیں جن کا گوشت عزیز و اقارب اور مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان میں 19 جون کو ذوالحج کا چاند نظر آگیا تھا جس کے بعد عید قرباں 29 جون کو منائی جائے گی۔