خیبرپختونخوا کے سابق وزیربرائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی اور سابق سٹی میئر سوات شاہد علی خان بھی گرفتار۔پولیس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دونوں رہنماؤں کو ان کی رہائش گاہوں سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق دونوں کے خلاف 9 مئی کو نفرت انگیز تقاریر اور حساس اداروں کے خلاف بیانات پر مقدمات درج ہیں۔
دوسری جانب جھنگ میں پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کے گھر پر بھی چھاپا مارا گیا تاہم سابق وزیر گھر پر موجود نہیں تھے، پولیس کی جانب سے گھر کی تلاشی بھی لی گئی۔یاد رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے مردان جیل سے رہائی پر سابق وزیر مملکت و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق علی محمد خان پر 2018 اور 2019 میں لوکل گورنمنٹ کے ٹھیکوں میں مبینہ خردبرد کا الزام ہے جس کے پیش نظر ان کے خلاف گزشتہ روز نیا مقدمہ درج کیا گیا۔
اس مقدمے میں سابق صوبائی وزیرعاطف خان اورسابق ایم پی اے طفیل انجم بھی نامزد ہیں جبکہ دفتر لوکل گورنمنٹ اور اے ڈی لوکل گورنمنٹ فضل اللہ سمیت متعدد ٹھیکیداروں کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔