محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے علاقوں میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے ارب فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ممکنہ طور پر 8 جولائی سے شروع ہونے والے بارش کے سلسلے کے حوالے سے الرٹ رہیں، سیاحوں اور سفر کرنے والوں کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل موسم کی صورتحال کے حوالے سے باخبر رہیں جبکہ کسان اور مویشی پلانے والے بھی ضروری احتیاطی اقدامات کریں۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، بالائی اور وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، نارووال، سیالکوٹ، ساہیوال، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، لاہور، بکھر، لیہ، تونسہ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، بالاکوٹ، چارسدہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، کرم، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
بلوچستان کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم زیارت، کلات، خضدار، ژوب اور بارکھان میں کہیں کہیں ہوائوں کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔