سپریم اپیلٹ کورٹ نےگلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے شیڈول کی منظوری دے دی۔اسپیکر اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا نیا شیڈول سپریم اپیلٹ کورٹ میں پیش کیا تھا جسے عدالت نے منظور کرلیا ہے۔شیڈول کے مطابق 13جولائی کو گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کے لیے انتخاب ہوگا اور اس کے لیے 12 جولائی کو کاغذات نامزدگی داخل کیے جاسکیں گے۔
خیال رہےکہ سپریم اپیلٹ کورٹ نے اسپیکر کو 72 گھنٹوں میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے نیا شیڈول جمع کرانے کا حکم دیا تھا اور اسپیکر کو آج نئے الیکشن شیڈول کے ساتھ پیش ہونےکی ہدایت کی گئی تھی۔اس حوالے سے درخواست پی ٹی آئی کے ناراض رکن اسمبلی حاجی شاہ بیگ نے دائر کی تھی۔
واضح رہےکہ سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے جعلی ڈگری کیس میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ خالد خورشید کو نااہل قرار دیا تھا، پی ٹی آئی نے خالد خورشید کی جگہ راجہ اعظم کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزدکیا ہے۔