راولپنڈی، اسلام آباد میں علی الصبح موسلا دھار بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے، شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں تغیانی کے بعد مختلف مقامات پر نالہ لئی کی سطح میں بھی اضافہ ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں رات گئے سے 190 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گولڑہ میں 102، چکلالہ 72 اور شمس آباد میں 188 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔شدید بارش کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ جبکہ گوالمنڈی پر 13 فٹ تک پہنچ گئی۔
شدید بارش کے بعد کمشنر راولپنڈی نے نالہ لئی سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کیلئے ٹیمیں مشینری کے ساتھ موجود ہیں۔
کمشنر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ تمام محکمے ہائی الرٹ ہیں، شہر میں رین ایمرجنسی نافذ ہے اور اسپتالوں کی ایمرجنسیز کو بھی الرٹ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلو چستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ سندھ میں میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، تھرپارکر، خیرپور اور گرد و نواح میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔