وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے اسلام آباد کیپیٹل پولیس ڈولفن (پولیس ایمرجنسی ریسپانس یونٹ ) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ڈولفن کا پہلا دستہ باقاعدہ اپنے فرائض پر مامور کردیا گیا،جس میں 40 گاڑیاں اور 200 موٹر سائیکل میسر ہوں گے، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ڈولفن کے قلیل وقت میں قیام پر آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں، پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،آپ کا فرض شہریوں کی حفاظت ہے جو ایک عبادت ہے
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے ویژن اور وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ خان کی خصوصی دلچسپی اورہدایات پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس ڈولفن (پولیس ایمرجنسی ریسپانس یونٹ ) کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے،جسکا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کیا، اس سلسلے میں ڈی چوک پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں ،سینئر پولیس افسران ،ڈلفن (پولیس ایمرجنسی ریسپانس یونٹ) کے افسران و جوان موجود تھے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈولفن کے قلیل وقت میں قیام پر آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں اور انکی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،آپ کا فرض شہریوں کی حفاظت ہے جو ایک عبادت ہے،اسلام آباد کے سٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے میں یہ ایک اہم اقدام ہو گا ،انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن سب سے پہلے لاہور میں متعارف کروائی گئی، جسکو مد نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے فنڈ مہیا کیے جس سے یہ فورس متعارف کروائی گئی ہے،یہ فورس سٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں اہم کردارادا کرتے ہوئے مجرموں کا قلع قمع کرے گی
اپنے فرائض انجام دینا صرف ڈیوٹی نہیں ایک قربانی بھی ہے ،میں امید کرتا ہوں کہ آپ عوامی خدمات سر انجام دیتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس ڈلفن فورس میں 900 پولیس اہلکار شامل ہوں گے اوراس فورس کے قیام کا مقصد سٹریٹ کرائم پر قابو پانا اور مذہبی عبادت گاہوں اور جلسے جلوسوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے،ڈولفن کا پہلا دستہ باقاعدہ اپنے فرائض پر مامور کردیا گیا
جس میں40 گاڑیاں اور 200 موٹر سائیکل میسر ہوں گے، اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اسلام آبادکیپیٹل پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسلام آباد کیپیٹل پولیس ڈولفن جرائم کی بیخ کنی اور عوامی خدمت میں اہم کردارادا کرے گی ،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس ڈولفن کی کارکردگی کو جاننے کیلئے خود احتسابی نظام ترتیب دیا جاچکا ہے،تاکہ اس کی کارکردگی کو مزیدموثر بنایا جاسکے، اسلام آباد کیپیٹل پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور شہر کو محفوظ بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔