چیئرمین ہائوس فارن افیئرز کمیٹی مائیکل میکال نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی اتحاد دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔
وہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کی جانب سے منعقدہ باربی کیو پارٹی اور مینگو فیسٹیول میں شرکت کے بعد میڈیاسے گفتگو کررہے ہیں ۔
مائیکل میکال نے کہا کہ ہم جتنی زیادہ تجارتی اور اقتصادی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اس سے ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اتنے ہی قریب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین سیکورٹی پارٹنرشپ موجود ہے لیکن ہمیں اقتصادی اتحاد کی بھی ضرورت ہے اور یہ ہمارے دونوں ممالک کویکجا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ اپنے پڑوسیوں کا انتخاب نہیں کرسکتے لیکن آپ اپنے دوستوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ دوست رہیں۔
میکال نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ایک مشکل حصے میں واقع ہے افغانستان، مہاجرین کے مسئلے اور دہشت گردی کی عفریت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اتحاد اور مضبوط شراکت داری ہمارے بہترین مفاد میں ہے۔
پاکستانی آموں کے معیار اور ذائقے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کانگریس مین میکال نے کہا کہ پاکستانی آم بہترین ہیں اورمہمان نوازی لاجواب ہے۔
بعد ازاں امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے چیئرمین مائیکل میکال سے سفارت خانے میں ملاقات کی۔ مسعود خان نے کہا کہ چیئرمین ہائوس فارن افیئرز کمیٹی مائیکل میکال کا استقبال کر کے خوشی ہوئی۔ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ان کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔