چار بڑی قومی کمپینیاں گوادر پورٹ پر گرین فیلڈ ریفائنری پراجیکٹ کیلئے اشتراک کریں گی۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔
قومی کمپنیاں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل)، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) جائنٹ انویسٹمنٹ سٹریٹجی کے ذریعے اشتراک کریں گی۔پراجیکٹ میں معروف عالمی آئل اینڈ گیس کمپنیوں کی طرف سے ایکویٹی کی بنیادپر نمایاں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان میں کم سے کم 300,000بی پی ڈی خام تیل پراسسنگ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ مربوط ریفائنری پیٹروکیمیکل کمپلکس اور پیٹروکیمیکل فیسیلیٹی قائم کی جائے گی۔مربوط ریفائنری پیٹروکیمیکل کمپلکس متعدد حصوں پر مشتمل ہوگا جس میں میرین انفراسٹرکچر، پیٹروکیمیکل کمپلکس، خام آئل اور ریفائن یوٹیلیٹیز کیلئے سٹوریجز، پائپ لائن کنکٹی ویٹی وغیرہ شامل ہے۔
سیکرٹری پٹرولیم کیپٹن (ر) محمد محمود نے اپنے افتتاحی خطاب میں گرین فیلڈ ریفائنری پالیسی کے نمایاں نکات کو واضح کرتے ہوئے پٹرولیم سیکٹر کی ترقی کیلئے پٹرولیم ڈویژن کے عزم کو اجاگر کیا۔
وفاقی وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے پراجیکٹ کی تفصیلا ت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ سے معاشی ترقی، غیر ملکی زرمبادلہ کی بچت، انرجی سیکورٹی، روزگار کے مواقع اور سماجی بہتری کے تناظر میں قومی معیشت کو فوائد حاصل ہوں گے۔