علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عمران خان کی گرفتاری کو سیاسی انتقام کی بدترین مثال دیدیا، شدید الفاظ میں مذمت

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں عمران خان کی گرفتاری کو سیاسی انتقام کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، اس مضحکہ خیز اقدام سے ملکی عدالتی نظام کی قلعی کھل گئی ہے، قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے برعکس عجلت میں فیصلہ سنایا ہے، جس کا صرف اور صرف مقصد عمران خان کو راستے سے ہٹانے کے سوا کچھ نہیں، 5 اگست جہاں کشمیری عوام کے محاصرے اور استحصال کا دن ہے وہاں پاکستانی عوام کے بنیادی جمہوری و آئینی حقوق کی پامالیوں کا دن بھی ہے، عدالتی فیصلہ آنے سے کئی گھنٹے پہلے پولیس اہلکاروں کا گرفتاری کے لیے زمان پارک پہنچنا ساری منصوبہ سازی کو عیاں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقیوں کی خفت سے بچنے کے لیے انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے، یہ چوروں کا ٹولہ اپنی کرپشن اور لوٹ کھسوٹ پر پردہ ڈالنے کی خاطر مفاد پرستانہ اور بزدلانہ حرکتوں پر اتر آیا ہے، آج انتقام پرست ٹولے نے سابق وزیراعظم کو ذاتی اناء کی بھینٹ چڑھایا ہے، اس بلا جواز گرفتاری کے ملکی معیشت اور سیاست پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، یہ فیصلہ ملکی معیشت کی زبوں حالی کا باعث بنے گا، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جمہوری نظام و اقدار کی کوئی وقعت و اہمیت نہیں، آئندہ شفاف اور بروقت الیکشنز کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کیے جانے کا قوی امکان ہے، عوامی عدالت میں موجودہ حکمرانوں کو سبکی کا سامنا کرنا پڑے گا، الیکشنز جب بھی منعقد ہوئے، ذلت آمیز شکست ان کا مقدر ٹھہرے گی۔