انیرٹیک (EnerTech) ہولڈنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عبداللہ المطیری نے کے۔ الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کا توانائی کا منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہورہا ہے اور صاف توانائی تیزی سے مرکزی حیثیت حاصل کرتی جارہی ہے۔انیرٹیک ہولڈنگ میں ہم مختلف مارکیٹوں کو تلاش کررہے ہیں اور معروف یوٹیلٹیز میں سے شراکت داروں کی نشاندہی کررہے ہیں،جن سے تعاون کیا جاسکے۔ کراچی کے لیے کے۔ الیکٹرک کے منصوبوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، جو ملک کے قابل تجدید توانائی کے وژن کے عین مطابق ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ انیرٹیک کی مہارت اور کے۔ الیکٹرک کی میراث مل کر ان کوششوں میں تیزی لانے میں معاون ثابت ہوگی۔
انیرٹیک ہولڈنگ اور کے۔ الیکٹرک کی انتظامیہ کے درمیان ملاقات خطے میں کلین ٹیکنالوجی اقدامات کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو کے۔ الیکٹرک کے مستقبل کے وژن کا حصہ ہے۔ سال 2030 تک ترسیل و تقسیم نظام میں 484 ارب روپے کی سرمایہ کاری منصوبے کے علاوہ کے۔ الیکٹرک نے ایک جامع پاور ایکوزیشن پروگرام بھی دیا ہے، جس میں ملک بھر میں اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے 1200 میگاواٹ تک قابل تجدید توانائی کو جنریشن مکس میں شامل کیا جائے گا۔ کے۔ الیکٹرک کو توقع ہے کہ 2030ء تک کمپنی 5000 میگاواٹ کی طلب کے ساتھ 50 لاکھ صارفین کی خدمت کرے گی۔ انیرٹیک جیسے اداروں کے ساتھ سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے کمپنی قابل تجدید توانائی کے ذریعے صارفین کی متوقع توانائی کی طلب کا 30 فیصد تک پورا کرنا چاہتی ہے۔ اس سے بجلی کی پیداوار کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور قومی خزانے پر بوجھ بھی کم ہوگا۔
کے۔ الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کہا کہ توانائی کے بحران کو حل کرنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔ جس کا ملک بھر میں تقریباً 40 ملین بجلی صارفین کو سامنا ہے۔ ہمیں توانائی کو قابل اعتبار، استطاعت میں اضافہ اور پائیداری کو یقینی بنانا ہے۔ ہم نے ریگولیٹر کو سرمایہ کاری کے منصوبے اور ملٹی ائیر ٹیرف کی درخواستیں صارفین کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر دی گئی ہیں۔ ہم انیرٹیک جیسے اداروں کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، جو عالمی شناخت کی حامل اور سرمایہ کاری کا پورٹ فولیو رکھتی ہیں۔ ان کے ماہرین توانائی کے نیٹ ورک کی وجہ سے ہمیں بہترین عالمی طریقوں کو سیکھنے اور صارفین کو موثر طریقے سے توانائی کی فراہمی کے منصوبوں پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔ ہمیں امید ہے کہ مل کر کام کرنے کے ایسے مواقع کراچی اور پاکستان کے مستقبل کو روشن اور مستحکم بنائیں گے۔
انیرٹیک ہولڈنگ قابل تجدید توانائی میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے ذریعے کلین ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے کی کارکردگی میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی (PKIC) کے ساتھ 750 ملین امریکی ڈالرز کا معاہدہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے ان کے عزم کا اظہار ہے۔ جس سے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروباری امکانات کو مشترکہ طور پر تلاش کیا جا سکے گا۔ انیرٹیک ہولڈنگ نیشنل ٹیکنالوجی انٹرپرائزز کمپنی (NTEC) کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ ہے، جو دنیا کے سب سے پرانے خودمختار فنڈ کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ ہے، اور 65 ممالک میں اپنے قدم جمائے ہوئے ہے۔