مقبوضہ کشمیر میں بدھ اور جمعہ کو ہڑتال اور یوم سیاہ منایاجائے گا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی برسی کے موقع پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔
سری نگر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد افصل گورو کو 9 فروری 2013 اور مقبول بٹ کو11 فروری 1984 کو دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ افضل گورو اور مقبول بٹ کی میتوں کو دلی کی تہاڑ جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا گیا تھا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ افضل گورو اور مقبول بٹ نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکی۔ کشمیریوں کی چوتھی نسل جدوجہد آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔
حریت کانفرنس نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لیں۔
انھوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔