قوم کے آنسو لانے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں،مریم نواز

لاہور(سی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ مہنگائی اور غربت سے قوم کی آنکھوں میں آنسو لانے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔

مریم نواز نے لاہور میں پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور تنظیمی امور سمیت سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے شعبہ خواتین نے سیاسی وجماعتی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے

شعبہ خواتین نے ہر سیاسی معرکے میں بہادری، نظریاتی وابستگی اور جرات کا بے مثال مظاہرہ کیا، خواتین اور نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنادیا ہے، قائد نوازشریف نے ہر دور حکومت میں خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دئیے۔

مریم نواز نے کہا کہ 2013 سے 2018 کا وزیراعظم نوازشریف کا دور کم ترین مہنگائی اور تیز ترین ترقی کا دور تھا، پاکستان سے غربت اور مہنگائی کے اندھیرے اسی طرح ختم کریں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی، نوازشریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس اور ناامید ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی چار سال کے پراجیکٹ عمران کی وجہ سے ہوئی، لاڈلے کی خاطر نوازشریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو آج مہنگائی نہیں پاکستان میں خوش حالی ہوتی، قوم آج سوال پوچھے کہ نوازشریف کو اقتدار سے الگ کرکے قوم کو مہنگائی کی سزا کیوں دی گئی؟

مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے عوام کی آنکھوں میں آنسو لانے والے مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ عوام کو مہنگائی سے پھر نجات دلائیں گے، مہنگائی سے نکلنے والے قوم کے آنسوں کو خوشحالی کی ہوائوں سے پونچھیں گے۔