بنی گالہ اراضی قبضہ کیس:اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایس ایچ او کو طلب کرلیا

اسلام آباد(سی این پی )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جناب جسٹس اربار محمد طاہر نے بنی گالہ کے رہائشی کی اراضی پر پولیس معاونت سے قبضہ کروانے بارے دائرپٹیشن پر ایس ایچ او تھانہ بنی گالہ کو ریکارڈ سمیت سات ستمبر کے لیے طلب کرلیا۔

شہری رب نواز عباسی نے آئی جی اسلام آباد، ایس ایچ اوتھانہ بنی گالہ سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے پٹیشن میں موقف اختیار کیاکہ اس نے اراضی کاسوداحبیب اللہ سے کیاتاہم معاہدے کی پاسداری نہیں کی گئی

اس ضمن میں ماتحت عدالت میں کیس بھی زیر سماعت ہے ، تاہم بنی گالہ پولیس کی ملی بھگت اورایس ایچ او کی معاونت سے اسکی سترہ کنال اراضی پر قبضہ کروادیاگیا، ملکیتی اراضی پر لگاہوا گیٹ اکھاڑ کر مخالف فریق پولیس کی موجود گی میں لے گئے

پولیس اسکی دادرسی کی بجائے مخالف فریق کی سپورٹ کررہی ہے ، آئی جی اسلام آباد کو دو درخواستیں دیں مگر شنوائی نہیں ہوئی بلکہ الٹا ہمارے خلاف تھانہ بنی گالہ میں دو مقدمات درج کرلیے گئے ، عدالت حقائق کا جائزہ لیتے ہوئے انکے خلاف درج مقدمات خارج کرنے کا حکم صادر کرے

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد متذکرہ بالا حکم سنا کر سماعت ملتوی کردی ، شہری رب نواز عباسی نے بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام کاغذات پولیس کے علم میں ہیں معاملاعدالت میں بھی ہے مگر اس معاملے پر پولیس کی آشیر باد کے سبب اس کوخراب کرنے کی کوشش کی گئی ، ایسے حالات بنائے جارہے ہیں کہ معاملے پر جھگڑ ا شدید ہو، جب حق نہیں ملے گا، داد رسی نہیں ہوگئی تو کیسے نظام چلے گا، ہمیں تو پولیس سے زیاد ہ انصاف کی توقع تھی مگر الٹاہمیں بھی پھنسادیاگیااور اراضی پر قبضہ کروادیاگیا، انصاف کے لیے عدالت کا پہلے بھی رجوع کیاہے اور اب اعلی عدالت میں کیس کیاہے ہمیں عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے ۔