جعلی اکائونٹس ریفرنسز، آصف زرداری کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جعلی اکاؤنٹس کے دو ریفرنسز میں نیب دائرہ اختیار کیخلاف اپیل میں آصف زرداری کو سپریم کورٹ سے رجوع کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کیمطابق نیب نے جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کیں،سپریم کورٹ فیصلے کیمطابق دائرہ اختیار پر کوئی بھی سوال عملدرآمد بنچ کے سامنے اٹھایا جا سکتا ہے،سپریم کورٹ فیصلے میں یہ پیراگراف موجود ہوتے ہوئے ہم ہائیکورٹ میں کیسے فیصلہ کر سکتے ہیں؟۔گذشتہ روز۔پارک لین اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں دائرہ اختیار کیخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم سپریم کورٹ میں اس پیراگراف کی تشریح کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ آپ کو پہلے بھی اسی لئے مہلت دی تھی سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کیلئے،اب کیا کریں ہم اسی بنیاد پر آپ کی اپیلیں خارج کر دیں؟،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ ہدایت کی کہ 29مارچ تک سپریم کورٹ عملدرآمد بنچ سے ہدایات لیکر آگاہ کریں اور سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی۔ادھر عدالت نے سابق صدر سندھ بنک بلال شیخ کی سندھ بنک کیس میں دائرہ اختیار کیخلاف بھی سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے دائرہ اختیار نہ ہونے پر ریفرنسز ختم کرنے کی درخواستیں مسترد کی تھیں،آصف علی زرداری اور بلال شیخ نے احتساب عدالت کے فیصلے چیلنج کر رکھے ہیں۔