بلوچستان میں بم دھماکہ: پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ زخمی

مستونگ(سی این پی) بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں جے یو آئی ( ف) کے رہنما سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حافظ حمد اللہ منگوچڑ جارہے تھے کہ دھماکہ چوتو کے مقام پر حافظ حمد اللہ کی گاڑی کے قریب ہوا ،دھماکے کے نتیجے میں جے یو آئی رہنما کے ساتھی اور گن مین سمیت 8افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں میر بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں،حافظ حمد اللہ اور دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہربتائی جارہی ہے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حافظ حمد اللہ کی صحت یابی کے لئے دعا کی ۔