اسلام آباد(سی این پی)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے منگل کو صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں واقع چک 214-1 ایکسپلوریٹری کنویں سے گیس کے بڑے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔او جی ڈی سی ایل 100فیصد حصہ کے ساتھ ماڑی ایسٹ بلاک کا واحد آپریٹرہے۔
او جی ڈی سی ایل کے ماہرین نے اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے 29جون، 2023 کو چک 214-1کنویں کی1851میٹرز تک گہری کھدائی کی۔وائر لائن لاگز کے نتائج کی بنیاد پر ڈونگان فارمیشن میں ڈرل سٹم ٹیسٹ1 کے ذریعے 230پاؤنڈز فی سکوائر انچ کے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر پر 32/64 چوک سائز پر 1.1ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) اور سوئی مین لائم سٹون (ایس ایم ایل) میں ڈرل سٹم ٹیسٹ2 کے ذریعے 230پاؤنڈز فی سکوائر انچ کے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر پر 32/64 چوک سائز پر 1.31ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس کی پیداوار کا تجر بہ کیا گیا۔
گیس کی یہ نئی دریافت ماڑی ایسٹ بلاک میں اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہے جو او جی ڈی سی ایل کے بلاک کی ہائیڈروکاربن کی صلاحیت کو بروئے کارلانے اور دریافت کی جارحانہ حکمت عملی پر عمل پیرا ہونے کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔یہ دریافت مقامی وسائل کے ذریعے توانائی کی طلب اور سپلائی میں فرق کو ختم کرنے میں نمایاں کردارادا کرے گی۔ اس دریافت سے او جی ڈی سی ایل اور پاکستان کے ہائیڈروکاربن کے ذخائر کو تقویت ملے گی اور ملک کی انرجی سیکورٹی میں بھی اضافہ ہوگا۔
او جی ڈی سی ایل تیل و گیس کی دریافت اور پاکستان کی توانائی کے شعبہ کی ترقی میں اپنا ذمہ دارانہ کردار اداکرتی رہے گی ۔کمپنی ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے انتھک کوششیں کرتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی اور جدت کے حصول کیلئے ہمہ وقت پرعزم ہے۔