اسلام آباد(سی این پی) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور گوادر سمیت افغان بارڈر جیسے حساس علاقوں میں امریکی سفیر کی آمد ورفت اور پرسرار سرگرمیاں پوری قوم کے لیے تشویش کا باعث ہیں اور یہ سب مشتبہ حرکات و سکنات حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے، پاکستان کی داخلی معاملات میں امریکی سفیر کی کھلم کھلا مداخلت قومی وقار اور خود مختاری کے منافی ہے، پاکستان میں تعینات برطانوی سفیر کی پاکستان میں سفارتی سرگرمیوں سے ہٹ کر غیر معمولی طور پر فعالیت کے قصے بھی زبان زد عام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی استعماری طاقت کی کالونی نہیں ہے کہ اس کے داخلی و انتظامی فیصلے طاغوتی طاقتیں کریں، موجودہ حکومت ایسی غیر اخلاقی و غیر سفارتی سرگرمیوں کو روکنے کی اپنے اندر جرات پیدا کرے، ان سازشی قوتوں کی پاکستانی شخصیات سے ملاقاتیں بے مقصد نہیں ہیں بلکہ ان کے پس پردہ ملک دشمن ایجنڈے کے مقاصد کارفرما ہیں، لہذا پاکستان کو پہلے سے کہیں زیادہ ہوشیار اور چوکنا رہنے کی اشد ضرورت ہے، ملکی سالمیت اور بقاء کا تقاضا بھی یہی ہے۔