اعلیٰ تعلیم اور تحقیق:او جی ڈی سی ایل اور نسٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(سی این پی)آئل اینڈگیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں جدت لانے کیلئے تحقیق اور تعلیم میں اعلیٰ کارکردگی کے فروغ کیلئے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ یہ اقدام او جی ڈی سی ایل کی طرف سے تیل و گیس کے اہم مسائل کے حل کیلئے ایک تاریخ ساز پیش رفت ہے۔

او جی ڈی سی ایل اور نسٹ نے مفاہمت کی یادداشت (ڈی او یو)پر دستخط کئے ہیں جس سے پاکستان میں جدت، اعلیٰ تحقیق اور تعلیم کیلئے نئے مواقع میسر آئیں گے۔اوجی ڈی سی ایل کے ایم ڈی اور سی ای او احمد حیات لک اور نسٹ کے پرو ریکٹر آر آئی سی ڈاکٹر رضوان ریاض نے ایک پروقار تقریب میں ڈی او یو پر دستخط کئے۔ تقریب میں دونوں اداروں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔دونوں اداروں کے مابین اشتراک سے تیل اور گیس کی دریافت اور پیداوار کے حوالے سے مسائل کو حل کرنے اور پاکستان کے اندر جدت اور اعلیٰ تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ڈی او یو پر دستخط کرنے کی تقریب نسٹ میں منعقد ہوئی۔بعدازاں سکول آف نیچرل سائنسز اینڈ انجیئرنگ سائنسز (ایس آئی این ای ایس) اور نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) کا دورہ بھی کیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق اوجی ڈی سی ایل اور نسٹ تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی)، سائنسی علم کی ترقی اور پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں جدت لانے پر توجہ مرکوز کریں گے جو ملک کی سماجی معاشی ترقی کیلئے سودمند ثابت ہوگی۔او جی ڈی سی ایل اور نسٹ اشتراک کے ممکنہ مثبت اثرات کے حوالے سے کافی پرامید ہیں جو سائنس اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت سے بڑھ کر ہیں۔ اشتراک سے اس شعبہ میں طالب علموں اور پیشہ ور افراد کیلئے تعلیمی مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔

دونوں اداروں کے مابین تذویراتی شراکت داری پاکستان میں سائنسی تحقیق،جدت اور اعلیٰ تعلیم میں پیش رفت کی طرف کوششوں کا عکاس ہے۔او جی ڈی سی ایل اور نسٹ ایسے منصوبوں کی شناخت اور ان پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں جودریافت اورپیداوار کے شعبہ میں ملک کے سائنسی اور تکنیکی منظرنامے پر دیرپا نقوش چھوڑیں گے۔