تمام اسلامی ممالک اپنی اپنی فوج فلسطین بھیجیں، متحدہ علما کونسل کی اپیل

لاہور(سی این پی)متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تمام اسلامی ممالک اپنی اپنی فوج فلسطین بھیجیں،یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں پاکستان فلسطینیوں کا ڈٹ کر جرات اور بہادری سے ان کا سا تھ دے،مسلم حکمران امریکی غلامی سے نکلیں اور فلسطینی بھائیو ں کی ہر ممکن مدد کیلئے فوری اقدامات کر یں ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ کی بمباری اور زمینی فوجوں کی کاروائیاں جنگی جرائم کی انتہا کو پہنچ چکی ہیں لیکن عالمِ اسلام پر سکوت مرگ طاری ہے، غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کو خون میں نہلا دیا گیا، لاکھوں فلسطینی اسرائیل کی جارحیت کا نشانہ بننے والے اقوام متحدہ اور نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموں کو دکھائی کیوں نہیں دے رہے ہیں ، فلسطینیوں کو اسرائیل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، فلسطین ستر برس سے حالت جنگ میں ہے موجودہ حالات میں ہم فلسطینیوں کی مزاحمت کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔