ارشد شریف قتل کیس؛ اہلیہ نے کینیا کی ایلیٹ پولیس یونٹ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا

اسلام آباد(سی این پی) مقتول سینئر صحافی ارشد شریف کی اہلیہ نے شوہر کے قتل کےخلاف کینیا کی ایلیٹ پولیس یونٹ کے خلاف کینیا میں مقدمہ دائر کر دیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کینیا میں ایک سال قبل قتل ہونے والے معروف پاکستانی صحافی ارشد شریف کی بیوہ نے کینیا کی ایلیٹ پولیس یونٹ کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں انہوں نے کینیا پولیس پونٹ پر اپنے شوہر کی موت کا الزام لگایا ہے، جنہیں کینیا کے جنرل سروس یونٹ کے افسران نے 23 اکتوبر 2022 کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا، واقعے میں ملوث افسران نے بعد میں دعوی کیا کہ یہ غلط شناخت کا معاملہ تھا۔جویریہ صدیق نے کینیا کے اٹارنی جنرل، نیشنل پولیس سروس اور پبلک پراسیکیوشن کے ڈائریکٹر کو فریق بناتے ہوئے درخواست کی ہے کہ “ارشد شریف کو قتل کرنے والے پولیس افسران کے خلاف مقدمہ چلایا جائے اور انہیں سزا دی جائے، عدالت اٹارنی جنرل کو عدالتی حکم کے 7 دن کے اندر ارشد شریف کے اہل خانہ سے معافی مانگنے، حقائق کا اعتراف کرنے اور ذمہ داری قبول کرنے سمیت عوامی سطح پر معافی نامہ جاری کرنے کی ہدایت کرے۔ارشد شریف کی بیوہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنے شوہر ارشد شریف کو انصاف دلانے کے لیے نیروبی میں مقدمہ دائر کیا ہے، ہم نے کینیا کے جنرل سروس یونٹ پر مقدمہ کیا ہے کیوں کہ انہوں نے کھلے عام جرم کیا، پھر تسلیم کیا کہ یہ غلط شناخت کا معاملہ تھا لیکن میرے لیے یہ ایک ٹارگٹڈ قتل تھا کیونکہ ارشد شریف پاکستان میں دھمکیاں ملنے کے بعد کینیا میں روپوش تھے لیکن اس وقعے کے بعد کینیا کی حکومت نے کبھی معافی نہیں مانگی، انہوں نے کبھی ہم سے رابطہ نہیں کیا، ایک حکومت کا اتنا بے حس ہونا واقعی ظالمانہ ہے۔