فیض حمید نے پیمرا پر دباؤ ڈالا، چینلز کی نشریات کنٹرول کرتے رہے،ابصار عالم نے اپنا بیان حلفی سپریم کورٹ میں جمع کر ادیا

اسلام آباد(سی این پی)سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں کہا ہے کہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے ان پر دباؤ ڈالا اور ٹی وی چینلز کے نمبرز تبدیل کرکے نشریات کنٹرول کرتے رہے، پیمرا پر سابق ڈی جی سی فیض حمید دباؤ ڈالتے رہے،ٹی وی چینلز پر بھی دباؤ ڈالا اور فیض حمید اور ان کے ماتحت افسران ٹی وی چینلز کے نمبرز تبدیل کرکے نشریات کنٹرول کرتے رہے،بیان حلفی میں ان کا مزید کہنا تھا کہ فیض حمید نے نجم سیٹھی کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ ڈالا اور کہا کہ حسین حقانی پر مکمل پابندی عائد کی جائے مگر دباؤ کے باوجود ہم نے ان کی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔اپریل 2017میں میں نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار کو تحریری طور پر پوری صورتحال سے آگاہ کیا کہ ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے کے سبب پیمرا حکام پر غیر قانونی طور پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ25نومبر کو فیض آباد دھرنے کے دوران وزارت داخلہ کی درخواست پر ایک ٹی وی چینل بند کیا، جس کے بعد فیض حمید اور ان کے ماتحت اہلکاروں نے مجھے بطور چیئرمین پیمرا تین مرتبہ کال کی اور مجھ سے پوچھا جاتا رہا کہ نجی ٹی وی چینل کیوں بند کیا،اہلکاروں نے کہا کہ یا تو نجی ٹی وی کی نشریات کھول دو ورنہ تمام ٹی وی چینلز کی نشریات بند کر دو،بیان حلفی میں مزید کہا ہے کہ میں نے کوئی غیر قانونی حکم نہیں مانا، اور وفاقی حکومت کی تحریری پالیسی ہدایات کی روشنی میں چینلز بند کیے گئے۔