شیعہ علماءکونسل کے سیکرٹری جنرل کا مولانا طارق جمیل سے بیٹے کی وفات پر تعزیت

اسلام آباد (سی این پی) شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی وفد کے ہمراہ مولانا طارق جمیل کے گھر تلمبہ میاں چنوں پہنچے، وفد میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات ایس یو سی زاہد علی آخونزادہ، سیکرٹری شعبہ تبلیغات مولانا اظہر عباس شیرازی، مولانا فیاض مطہری، مولانا امداد علی گھلو اور قیصر عباس دادوآنہ بھی وفد میں شامل تھے، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل نے مولانا طارق جمیل کے جوانسال بیٹے کی وفات پر انہیں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے سلام و تعزیتی پیغام پہنچایا اور اس صدمہ جانکاہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت فرمائی اور کہا کہ جوان سال بیٹے کی موت ایک باپ کیلئے دنیا کا سب سے بڑا غم اور دکھ ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اور دعائیں مولانا کے ساتھ ہیں، خدا وند متعال آپ سمیت تمام گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اس موقع پر مولانا طارق جمیل نے علامہ سید ساجد علی نقوی اور وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے آنے سے میرے دل کو راحت و سکون ملا ہے اورکہا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی قومی خدمات اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے بھر پور کردار لائق تحسین ہے۔