وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اسلام آباد کیپیٹل پولیس ٹریفک دفترفیض آباد کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

اسلام آبا د(سی این پی)نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اسلام آباد کیپیٹل پولیس ٹریفک دفترفیض آباد کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ٹریفک پولیس کے تما م امور فیض آباد دفتر سے سر انجام دیئے جائیں گے، شہری ڈرائیونگ پرمٹ اورلائسنس کے حصول کیلئے ٹریفک دفتر فیض آبا د تشریف لائیں،قانون کی پاسداری کو ہر حال میں یقینی بنائیں، آپ پر اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا کوئی سیاسی دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس ٹریفک دفترفیض آباد کے افتتاح کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبرناصرخاں نے نگران وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا،پولیس کے چاک و چوبند دستے نے نگران وفاقی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی،تقریب کے دوران نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ٹریفک دفترفیض آباد کا باقاعدہ افتتاح کر کیا، اس موقع پر آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبرناصرخاں ، سینئر پولیس افسران سمیت بڑی تعداد میں پولیس افسران و جوان موجود تھے

نگران وفاقی وزیر داخلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون سب کیلئے یکساں ہے،آپ قانون کی پاسداری کو ہر حال میں یقینی بنائیں، آپ پر اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا کوئی سیاسی دباؤ نہیں ڈالا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں،آپکو اللہ نے اس خدمت کیلئے چنا ہے ،آپکو فخر ہونا چاہیے جو آپ کررہے ہیں،اسلام آباد کی پولیس کودنیا کی بہترین پولیس میں شمار کیا جانا چاہیے، دھوپ بارش اور جلسے جلوسوں میں ٹریفک پولیس ڈیوٹی کرتی ہے اس پر آپکو فخر ہونا چاہیے ،افسران و جواں دوران ڈیوٹی شہریوںسے پیار اور خلوص سے پیش آئیں، اصول پر کھڑے رہنے میں بہت عزت ہے،آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبرناصرخاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آبادکیپیٹل پولیس سخت موسمی حالات میں ہمہ وقت اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہے ، شہر میں جاری تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو برقرار رکھنے میں پولیس افسران و جوان بہترین ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس ایک ماڈل پولیس کا درجہ رکھتی ،اس سلسلے میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس جدید تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کیخلاف ای چالان جاری کر رہی، انہوں نے مزید کہا کہ پورے شہر میں ٹریفک کی روانی کیلئے صرف 600 افسران و ہلکار اپنے ورائض منصبی سر انجام دے رہے ہیں،جبکہ اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے ٹریفک کے مسائل حل کیلئے 2600 افسران و اہلکار کی ضرورت ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو بہترین سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے، آئی سی سی پی او نے بہترین فرائض منصبی کی انجام دہی پر افسران و جوانوں کو شاباش بھی دی۔