اسلام آباد(سی این پی)وزارت صنعت و پیداوار نے ملک میں کاریں بنانیوالی کمپنیوں کو 2فیصد سے بڑھا کر 4فیصد کاریں ایکسپورٹ کرنے کا انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ٹاسک دیدیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کاریں بنانے والی کمپنیوں ہنڈا‘ ٹویوٹا‘ سوزوکی کے علاوہ دیگر آٹو پارٹس‘ ٹریکٹر بنانے والی کمپنیوں کے لئے پالیسی مرتب کی تھی۔
کابینہ کے فیصلے کے مطابق ملک میں تیار ہونے والے آٹو پارٹس کے علاوہ گاڑیاں ابتدائی طور پر دو فیصد تک ایکسپورٹ کریں گی لیکن ٹویوٹا انڈس ‘ ہنڈا‘ سوزوکی نے وفاقی کابینہ کی پالیسی کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے اس پالیسی پر ایک فیصد بھی عمل درآمد نہ کیا
تینوں کمپنیوں کو 31دسمبر2023 تک وقت دیا گیا تھا جس پر انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مقررہ وقت تک پالیسی کے مطابق کام نہ کرنے پر ابتدائی طور پر ان کے لائسنس معطل کردیئے تھے۔ ای ڈی بی نے رپورٹ وزارت صنعت وپیداوار کو بھجوا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت پیداوار کی جانب سے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او رضاعباس شاہ کو پالیسی پر عمل درآمد کروانے کیلئے خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سال 2024 میں مذکورہ بالا تینوں کمپنیاں چار فیصد تک کار یں ایکسپورٹ کریں گی جس پر سی ای او ضا عباس شاہ نے کمپنیوں کو خط لکھ دیا ہے کہ اب وہ دو فیصد کے بجائے چار فیصد تک کی پالیسی پر عمل درآمد کریں گے ۔تمام کاریں بنانیوالی کمپنیوں کو خط میں کہا گیا ہے کہ وہ اس پالیسی کے حوالےسے وزارت صنعت و پیداوار کو تحریری طور پر آگاہ کریں ۔یاد رہے کہ اسوقت پاکستان میں بننے والے ٹریکٹر ایکسپورٹ ہورہے ہیں ۔