اسلام آباد(سی این پی)سوشل میڈیا پر مذہبی، مسلکی اور لسانی منافرت پھیلانے والے 1522 اکاؤنٹس کو ٹریس کرلیا ،ایف آئی اے کی مدد سے 462 اکاونٹس بند کر دئیے گئے،بند ہونے والے اکاونٹس میں 65 مذہبی، 47 ملک کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے اور 350 اکاؤنٹس دہشت گردی مواد پھیلانے میں ملوث تھے،جبکہ باقی 1,060 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کوبھی جلد بند کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے انسداد انتہاءپسندی یونٹ کی موثر کارروائیاں جاری ہے،اس سلسلہ میں انتہاءپسند ی یونٹ نے اپنے قیام سے لے کر اب تک سوشل میڈیا پر منفی سرگرمیوں میں ملوث 1,522 اکاونٹس کی نشان دہی کی اور ان اکاونٹس کی بندش کے لئے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کو خط لکھا گیا،جس پر سوشل میڈیا پر مذہبی، مسلکی اور لسانی منافرت پھیلانے والے 462 اکاونٹس بند کر دئیے گئے،بند ہونے والے اکاونٹس میں 65 مذہبی، 47 ملک کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے اور 350 اکاونٹس دہشت گردی مواد پھیلانے میں ملوث تھے جبکہ باقی 1,060 سوشل میڈیا اکاونٹس کو بھی جلد بند کردیا جائے گا،
آئی سی سی پی او نے کہا کہ انتہا پسندی کی روک تھام سے دہشت گردی کے تدارک اور وفاقی دارلحکومت کی سکیورٹی کو موثر بنانے میں مدد مل رہی ہے،انتہا پسندی کے تدارک کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی ٹیمیں مختلف تعلیمی اداروں اور مدارس میں جاتی ہیں اور مساجد میں خطبوں کا بھی جائزہ لیا جاتاہے، اسی طرح یہ یونٹ سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر سیاسی ،لسانی، مسلکی اور مذہبی انتہا ءپسندانہ مواد کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ انتہا پسندی سے منسلک جرائم کی نشاندہی کرتا ہے جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ،عوام الناس سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی منفی سرگرمیوں سے دور رہیں،ایسی منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں بھی عمل میں لائی جائے گی،شہری ایسی کسی بھی سرگرمی کے متعلق “پکار “15- یا “آئی سی ٹی “15- ایپ پر اطلاع دیں۔