وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت اجلاس، وکلاء کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی یقین دہانی

اسلام آباد (سی این پی)وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہاہے کہ وکلاءمعاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ،وکلاء کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو وفاقی ہائوسنگ اتھارٹی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے منصوبے پارک روڈ ہائوسنگ سکیم اسلام آباد کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شوکت، سیکرٹری ایس سی بی اے سید علی عمران اور احسن بھون نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی جی ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے منصوبے کے بنیادی ڈھانچے کی ڈویلپمنٹ پر پیش رفت بتائی ۔ منصوبے کی پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور متعلقہ امور اور مسائل پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون نے وزیر ہائوسنگ اور سیکرٹری ہائوسنگ کو پراجیکٹ سے متعلق وکلاء برادری اور ایس سی بی اے کے تحفظات اور مسائل سے آگاہ کیا اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے پراجیکٹ میں سیکورٹی کے معاملات پر اپنے مکمل تعاون کا وعدہ کیا اور منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیا۔

وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے معاشرے میں وکلاء کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور وکلاء کے حقوق کی ہر قیمت پر تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش اور وزارت اور ایف جی ای ایچ اے کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔