اسلام آباد(سی این پی)ہائوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے نیشنل کنسٹرکشن کمپنی کے ایم ڈی کی جلد تعیناتی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت ہائوسنگ کے زیر انتظام تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وزارت میں نیشنل کنسٹرکشن لمیٹڈ (این سی) اور پاکستان انوائرمنٹل پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچرل کنسلٹنٹس (پی ای پی اے سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ کے دوران میاں ریاض حسین پیرزادہ کو متعلقہ محکموں کے سربراہان نے محکموں کے انتظام اور کام کے بارے میں آگاہ کیا۔ دونوں محکموں نے اپنی کامیابیوں اور مکمل ہونے والے منصوبوں کا اشتراک کیا۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے دونوں محکموں کی جانب سے اب تک ہونے والے کام کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں وزارت کے مختلف جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اپنے اپنے محکموں کی مدد اور اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محکمے کے کام کو احسن طریقے سے چلانے کے لیے جلد از جلد این سی ایل میں باقاعدہ منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کی جائے۔اجلاس کے دوران ہائوسنگ اینڈ ورکس کے سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش ،وزارت ہائوسنگ ، این سی ایل اور پی ای پی اے سی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔