اسلام آباد(خبر نگار) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک-ایران گیس پائپ لائن کا معاملہ پرانا اور پیچیدہ ہے لیکن ہر فیصلہ پاکستان کے مفاد میں کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا یا کوئی اور ملک کیا کہتا ہے، پاکستان اپنے مفاد کو مقدم رکھ کر فیصلہ کرے گا، پاکستان اپنے معاملات پر کسی کو ویٹو کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک-ایران گیس پائپ لائن پر ہر فیصلہ پاکستان کے مفاد میں کیا جائے گا، گیس پائپ لائن کا معاملہ پرانا اور پیچیدہ ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (و آئی سی) کے اجلاس میں ہماری تجویز پر عالمی سطح پر پیش آنے والے اسلاموفوبیا کے واقعات کے حوالے سے نمائندہ خصوصی کا تقرر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مرکزی ایجنڈے کے تین نکات تھے، جن میں غزہ پر مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے بھرپور باہمی تعاون اور جامع فیصلہ کرنا تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ میرا دوسرا ایجنڈا مسئلہ کشمیر تھا اور تیسرا ایجنڈا عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے واقعات کے خلاف ہم خیال ممالک کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے بات کرنی تھی اور ہماری ٹیم نے اپنی ذمہ داری نبھائی۔