پٹرول سستا کے باوجود کرایوں میں کمی نہ ہو سکی ،مریم نواز نے چھٹی کے دن اجلاس بلا لیا،حکام کی سرزنش

لاہور (وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے چھٹی والے دِن بھی اجلاس بلالیا اور حکام کی سرزنش کر ڈالی، وزیراعلی مریم نوازشریف نے انتظامیہ کوہدایت کی کہ وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے پٹرول میں کمی کا بڑا ریلیف کرایوں میں کمی کی صور ت عوام کو پہنچنا چاہےے-پٹرول کی قیمت میں مجموعی طورپر 35 روپے کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے پر وزیراعلی پنجاب نے برہمی کااظہار کیا اوروزارت ٹرانسپورٹ، پولیس کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کے لئے آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی-وزیراعلی پنجاب نے شکایات اور معائنہ کمیشن کوبھی فوری اقدامات کی ہدایات کردیں – وزیراعلی نے حکام کو خبردار کردیا کہ روٹی، کرائے سمیت دیگر اشیاءکی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر قائم رکھنے کو یقینی بنایا جائے، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے عید الاضحی پر آلائشوں کی بروقت صفائی، مویشی منڈیوں میں دھوپ سے بچاﺅ کے لئے شیڈز کی فراہمی کی فوری ہدایت کی-پہلی بار32 لاکھ خصوصی تھیلے بھی عوام میں تقسیم کرنے کا آغاز کردیاگیا -وزیراعلی مریم نوازشریف نے مویشی منڈیوں میں ڈاکٹرز کی فراہمی اور پانی سمیت دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کی بھی ہدایت کی-وزیراعلی نے کہاکہ بڑی عید پر صفائی کا معیار وہی ہونا چاہیے جو وزیراعلی شہبازشریف کے دور میں تھا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے تعطیلات کے دوران نہروں پر عوام کی جان کی حفاظت کے لئے لائف گارڈز کی تعیناتی اور ٹریفک کا موثر پلان بنانے اور عوام کو ٹریفک جام سے بچانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی- وزیر اعلی نے گزشتہ روز ٹھوکر نیاز بیگ پر شدید ٹریفک جام کا بھی سخت نوٹس لیا اور برہمی کااظہار کرتے ہوئے دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے کی ہدایت کی-وزیر اعلی مریم نوازشریف نے صوبے بھر میں امن وامان یقینی بنانے کے لئے بھی سخت اقدامات کی ہدایت کی- وزیراعلی مریم نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعطیلات کے دوران بھی تمام صورتحال کی ذاتی طورپر نگرانی کروں گی-اجلاس میں صوبائی سیکرٹریز، پولیس اور انتظامیہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔