اسلام آباد(نیوز رپورٹر) موجودہ بجٹ میں5.0 فیصد ایڈوانس ٹیکس ٹرن اوور ٹیکس لگائے جانے کیخلاف پاکستان پیٹرولیم ڈیلرزایسوی ایشن نے پانچ جولائی سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا،حکومت فوری طور پر ایڈوانس ٹیکس کا فیصلہ واپس کرے، ایران سے تیل اسمگل ہو رہا ہے ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی،،پیٹرولیم ڈیلرزایسوی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں5.0 فیصد ایڈوانس ٹیکس ٹرن اوور ٹیکس لگایا گیا ہے،یہ ٹیکس پیٹرول پمپ کے کاروبار کو تباہ کر دے گا۔
ہم پہلے ہی کم سے کم منافع کے مارجن کے ساتھ پیٹرول پمپس چلا رہے ہیں، مہنگائی کی بلند ترین شرح میں اپنے کاروبار کو چلانا پہلے ہی مشکل ہے،ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ہمارے کاروبارکو تباہ کردے گا۔غیر منصفانہ ٹیکس کی وجہ سے اپنا کاروبار بند کرنے سے سوا کوئی چارہ نہیں،اس حوالے سے وفاقی وزیرخزانہ اور ایف بی آر حکام سے ملاقا ت میں انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیاہےکہ ایڈوانس انکم ٹیکس چار دن میں ختم کیا جائے۔ بصورت دیگرہم سخت سے سخت قدم اٹھائیں گے،ان کے پاس ہمارے سوالوں کا کوئی جواب نہیں تھا انہیںبتا دیا ہے اس کے نتائج خراب ہوں گے اور پھر آپ گلا نہیں کرسکیں گے،حکومت چاہتی ہے کہ ہر کسی کو نچوڑلے اس طرح کاروبار نہیں چلتے،ہم چودہ ہزار ڈیلرز کی نمائندگی کرتے ہیں،ہم پہلے ہی بہت سے ٹیکسز ادا کر رہے ہیں،ڈبل ٹیکسیشن تو دنیا میں کہیں نہیں ہوتی، چاہتے ہیں پٹرولیم ڈیلرز کو کوئی تکلیف نہ ہو،د نیا میں کوئی ایسا طریقہ نہیں کہ نقصان میں پمپ چلائے جائیں، ایران سے تیل اسمگل ہو رہا ہے مگر ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی،اسمگلنگ کو روکنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے، چاہتے ہیں ایران سے معاہدہ کر لیا جائے اور ایرانی تیل پر ٹیکس لگائیں،حکومت فوری طور پر ایڈوانس ٹیکس کا فیصلہ واپس کرے بصورت دیگر پانچ جولائی کو ہم ملک بھر میں پمپ بند کر کے ہڑتال پر چلے جائیں گے۔