حکومت سے مذاکرات ناکام، 5جولائی سے ملک بھر میں پمپس بند کرنے کا اعلان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ایک طرف پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے حکومت سے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور ایسوسی ایشن نے 5 جولائی کی صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، تو دوسری جانب پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے اس ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیرخزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور چیئرمین اوگرا سے ملاقاتیں ہوئیں، لیکن مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہ نکلا، جس کے بعد ایسوسی ایشن نے 5 جولائی کی صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا دورانیہ ایک دن سے زیادہ بھی ممکن ہے، 4 جولائی تک کا پیٹرول پمپس پر رکھیں، کل رات سے ملک بھر کے پمپس ڈرائی ہونا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت اس فیصلے کو واپس واپس نہیں لیتی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، ملک بھر میں 14 ہزار ڈیلرز اپنے پمپ 5 جولائی سے بند کر دیں گے۔

دوسری جانب آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پانچ جولائی کو ہونے والی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی جاری رہے گی، موجودہ صورت حال میں سپلائی بند کرنے کا سوچ نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صارفین کو پریشانی سے بچانے کے لئے فیصلہ کیا ہے۔