امیر جماعت اسلامی سے آسٹریلوی سفیر کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(وقائع نگار)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے آسٹریلیا کے سفیر نیل ہاکنز اور فرسٹ سیکٹری مائیکل کورٹف نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں مختلف امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل فراست علی شاہ بھی اس موقع پر موجودتھے۔

امیر جماعت نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تعلیم، صحت،زراعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قومی ترجیحات کے مطابق معیشت کی ترقی چاہتے ہیں، آئی ایم ایف کی اپنی ترجیحات ہیں۔

انہوں نے جماعت اسلامی کے ”بنو قابل پروگرام“ کے بارے میں سفیر کو بتایا کہ پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے حصول کے لئے آئی ٹی سیکٹر میں تربیت دینا چاہتے ہیں۔ کراچی اور سندھ میں اس پروگرام کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو تربیت فراہم کی، اب اس کا سلسلہ ملک بھر میں وسیع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے گورننس اور انٹیلی جنس کو مؤثر بنانا ہوگا، فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں ہے۔ افغانستان کے ساتھ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔ خطے میں امن، استحکام،عوام کی خوشحالی چاہتے ہیں، ہم ہرقسم کی دہشت گردی کے مخالف ہیں۔

امیر جماعت نے آسٹریلوی سفیر کو 12جولائی کے اسلام آباد دھرنے کے پروگرام اور مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا۔سفیر نے بتایا کہ آسٹریلیا زراعت، معدنیات اور قدرتی وسائل کے منصوبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے اندر جمہوریت کی تحسین کی۔