وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے اپنے خلاف جاری پروپیگنڈہ اور بہتان تراشی پر وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کی تمام کامیابیوں کو متنازع بنانے کے لئے آپکی تحریر کا حوالہ دے کر بہتان تراشی اور غلیظ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے، آپ 14 دن کے اندر اپنی تحریر کی وضاحت کر کے معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کے لئے تیار ہو جائیں۔
ریحام خان کو جاری لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپکے نام سے پہلے ایک مسودہ لیک ہوا جس کی آج تک آپ نے تردید نہیں کی اور بعد میں شائع کردہ مسودہ کا حوالہ دیکر وفاقی وزیر مراد سعید پر تہمت لگائی گئی۔
وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے جاری قانونی نوٹس کے ساتھ مختلف ٹی وی پروگراموں، تقریروں اور سوشل میڈیا پوسٹس بھی اٹیچ کی گئیں ہیں، اور ان پر ریحام خان سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان تمام بہتانوں میں آپکی تحریر کا نہ صرف حوالہ دیا گیا ہے بلکہ آپ خود بھی اس طرح کے مواد کو شیئر کرتی رہی ہیں ۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 14 روز کے اندر وضاحت کریں اور معافی مانگیں ، معافی نہ مانگنے کی صورت میں آپ کے خلاف عدالت سے سخت سزا اور آپ سے ایک ارب ہرجانے دلوانے کی استدعا کی جائے گی
پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے ریحام کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید پاکستان تحریک انصاف کے طلباء تنظیم کے بانی صدر رہے ہیں، انہوں نے پورے پاکستان میں انصاف یوتھ ونگ کو منظم کیا ۔
نوٹس میں بتایا گیا ہ کہ مراد سعید نے ججز بحالی تحریک، ڈرون حملوں کے خلاف مہم، دہشت گردی کے خلاف اور دیگر تحریکوں اور عوامی ایشوز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، مراد سعید کو 2013 کے انتخابات میں اپنی سیاسی جدوجہد کی وجہ سے پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ دیا گیا اور وہ ریکارڈ تعداد میں ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی بنے۔
وزیراعظم عمران کی سابق اہلیہ ریحام خان کو جاری قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید نے پارلیمانی اور سیاسی میدان میں متحرک کردار ادا کیا ہے اور ملک کی سیاست میں نام بنایا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح 2018 کے انتخابات میں بھی مراد سعید کو اپنی جماعت کے ٹکٹ پر دوبارہ عوام کا اعتماد ملا اور انہوں نے بڑی کامیابی حاصل کی،ستمبر 2018 میں وزیر مملکت بنے اور حکومت کے وژن کے مطابق پہلے سو دن میں اپنی وزارت کے اہداف حاصل کر کے وفاقی وزیر بنے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر مراد سعید نے سابقہ فاٹا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی کامیاب انتخابی مہم میں اپنی جماعت کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے پارٹی کا پیغام بہترین انداز میں عوام تک پہنچایا۔
قانونی نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں وزارتوں کو دئیے گئے اہداف کی تقریب منعقد ہوئی تھی، جس میں اسٹیبلشمنٹ ڈوژن کے مراد سعید کی وزارت کو دئیے گئے 88 اہداف کو سو فیصد حاصل کر نے پر طے شدہ طریقہ کار کے مطابق وزارت مواصلات پہلے نمبر پر آئی۔
لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ دنوں آپکے مسودہ کا حوالہ دے کر وزارت مواصلات کی کاکردگی کو متنازع بنایا گیا جس سے درخواست گزار کی ہتک کے علاوہ وزارت سے منسلک اہلکاروں کی بھی حوصلہ شکنی ہوئی ہے، مراد سعید کی تمام کامیابیوں کو متنازع بنانے کے لئے آپکی تحریر کا حوالہ دے کر بہتان تراشی اور غلیظ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مندرجہ بالا تمام نکات کو مد نظر رکھنے ہوئے آپ فوری طور پر مراد سعید سے معافی مانگیں اور وضاحت کریں بصورت دیگر آپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور آپ کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔