ارشد ندیم کو ملنے والی انعام رقم پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا، ایف بی آرکی وضاحت

ارشد ندیم کو ملنے والی انعام رقم پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا، ایف بی آرکی وضاحت

اسلام آباد۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وضاحت کی ہے کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو دی جانے والی انعامی رقم پر کوئی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد نہیں ہوگا، اور قومی ہیرو ارشد ندیم کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

ایف بی آر کے ممبر اور ترجمان بختیار محمد نے میڈیا کو بتایا کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔

ارشد ندیم کو ملنے والے انعامات پر انکم یا ود ہولڈنگ ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوتا، اور انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 156 میں اولمپکس انعامات پر ٹیکس کا ذکر نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 156 میں صرف لاٹری، انعامی بانڈز، کوئز اور کمپنیوں کی جانب سے مارکیٹنگ کے لیے فراہم کردہ انعامی اسکیموں کے انعامات پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا ذکر ہے۔

ایف بی آر کے ترجمان نے کہا کہ اولمپیئن ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ قومی ہیرو کی شاندار کارکردگی پر وفاقی، پنجاب، اور سندھ حکومت کی جانب سے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ان انعامات پر مبینہ طور پر 3 سے 6 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا، لیکن ایف بی آر نے واضح کرتے ہوئے ان تمام بے بنیاد افواہوں کی تردید کر دی ہے۔