اسلام آباد۔ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سمز کو بلاک کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ منسوخ شدہ شناختی کارڈز، ایکسپائرڈ شناختی کارڈز اور فوت شدگان کے ناموں پر جاری سمز کو بلاک کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق، منسوخ شدہ شناختی کارڈز پر جاری سمز 16 اگست، ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر جاری سمز 2 ستمبر، اور فوت شدگان کی سمز 15 اکتوبر کو بند کر دی جائیں گی۔
پی ٹی اے کے مطابق، 2017ء سے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری سمز بھی بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صارفین کو اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے 2 ستمبر تک کی مہلت دی گئی ہے، اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری سمز بھی 2 ستمبر کو بلاک کر دی جائیں گی۔
اسی طرح، فوت شدگان کے قومی شناختی کارڈز پر فعال سمز 15 اکتوبر کو بلاک کر دی جائیں گی۔
پی ٹی اے نے بلاک ہونے والی سمز کے حوالے سے الرٹ بھیج دیا ہے۔
فوت شدگان کی سمز کو ان کے قریبی رشتہ دار اپنے نام پر منتقل کرا سکتے ہیں، اور اس کے لیے اصل ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور رشتہ داری کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
پی ٹی اے نے نادرا سے زائد المیعاد، منسوخ شدہ اور فوت شدگان کے شناختی کارڈز کا ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔