راولپنڈی: سانحہ 9 مئی کے راولپنڈی میں درج 14 مقدمات کے سلسلے میں، سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور صوبائی اسمبلی کے رکن عمر تنویر بٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف وعدہ معاف گواہ اور اعترافی بیان کے تحت 164 سیکشن کی تصدیق کی تردید کر دی ہے۔
عدالت میں اپنے بیان میں، دونوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اعترافی بیان نہیں دیا اور پولیس کا موقف جھوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ پرامن احتجاج کی ہدایت دی ہے۔ دونوں نے عدم ثبوت کی بنیاد پر بریت کی درخواستیں بھی دائر کر دی ہیں۔
آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف کے سامنے واثق قیوم عباسی اور عمر تنویر بٹ نے پیش ہو کر اعترافی بیان کی تردید کی۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن کر کوئی بیان کسی مجسٹریٹ یا تحریری طور پر نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے انہیں ہمیشہ پرامن جدوجہد کی تعلیم دی، اور عمران خان کے خلاف سنگین الزامات کے بارے میں ہمارے بیانات کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
عدالت نے عدم ثبوت کی بنیاد پر بریت کی درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔