لاہور۔پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے راجن پور کے کچے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے سے انکار کر دیا اور راستے میں ہی اتر گئے۔رپورٹ کے مطابق، فاروق آباد کانسٹیبلری سے کچے میں آپریشن کے لیے روانہ کیے گئے 25 اہلکاروں نے راستے میں کچے کے علاقے میں جانے سے انکار کیا اور چار روز قبل ظاہر پیر انٹرچینج کے قریب بس سے اتر کر چلے گئے تھے۔
اہلکاروں نے اپنے متعلقہ انچارج کو بتایا کہ ہم اپنی حالت کے خود ذمہ دار ہیں، مگر کسی صورت کچے کے علاقے میں ہونے والے آپریشن میں شریک نہیں ہوں گے۔ ان اہلکاروں کے انکار پر انچارج نے ایک رپورٹ تیار کی اور متعلقہ افسران کو بھیجی، جس میں ان اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
دوسری جانب، آئی جی پنجاب عثمان انور نے متبادل اہلکاروں کو روانہ کیا، جنہوں نے رحیم یار خان پہنچ کر اپنی موجودگی ظاہر کر دی ہے۔ عثمان انور نے کہا کہ کچے میں اہلکاروں کی تعداد مکمل ہے اور اب کوئی بھی اہلکار غیر حاضر نہیں ہوگا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چار روز قبل کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے شدید حملے کے بعد 12 اہلکار شہید ہو گئے تھے، جس کے بعد پنجاب حکومت نے سندھ کے ساتھ مل کر کچے میں آپریشن کا فیصلہ کیا، اور آئی جی پنجاب نے کچے میں جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی دورہ کیا تھا۔