اسلام آباد(نیوز رپورٹر) پاک پی ڈبلیو ڈی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ پی ڈبلیو ڈی کی ظالمانہ اور غیر منصفانہ بندش کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے،حکومت کو ادارے کےحوالے سے کوئی شکایات ہیں تو انہیں حل کیا جائے، کسی بھی ادارے کی نجکاری مسئلے کا حل نہیں ہے،ادارے میں شفاف احتساب کیا جائے.
حکومتی فیصلے سے سات ہزار خاندان بےروزگار ہو جائینگے،نوجوان انجینئرز پر بھی کرپشن کے الزامات لگائے گئے ہیں جس سے وہ شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہیں،حکومت اپنی نااہلی پی ڈبلیو ڈی پر ڈالنا چاہتی ہے، ادارے کو بند کرنے کا جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے وہ انتہائی تضحیک آمیز ہے، نوجوان انجینئرز کے والدین کسی کو بھی منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں،ذمہ دار شہری ہیں محاذ آرائی نہیں چاہتے،ادارے کی تنظیم نوکیلئے اصلاحات لائی جائیں اور سیاسی اور بیورو کریسی کی مداخلت کو ختم کیا جائے.
ان خیالات کا اظہار پاک پی ڈبلیو ڈی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤںانجینئرمحمود عالم،انجینئر محمد سہیل اقبال، انجینئرعبدالعدیل میر، انجینئرفہیم ایاز کنڈی، انجینئرردا خان، انجینئرمحمد عثمان علی، انجینئرعامر ریاض،انجینئر احسن خان وائیں و دیگر نے این پی سی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ہے ،اس ادارے کے ملک بھر میں کھربوں روپے کے اثاثہ جات ہیں، حکومت کی طرف سے پی ڈبلیو ڈی کی ظالمانہ اور غیر منصفانہ بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے.
جس کا جواز یہ پیش کیا گیا ہے کہ ادارے میں کرپشن ہے،جس کی وجہ سے اس ادارےکو تحلیل کرکے ایک نیا ادارہ تشکیل دیا جائےگا،حکومت کے اس یکطرفہ فیصلے سے ملک بھر کے سات ہزار خاندان متاثر ہونگے اور ملک میں بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا،11سی کے تحت تمام ملازمین کو گھر بھیجا جا رہا ہےجو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،ملک میں ریکروٹمنٹ کیلئے ایف پی ایس سی ایک معتبراور اہم ذریعہ ہے، انجینئرز کی صلاحیتوں یا قابلیت پر اعتراض ہے تو ایف پی ایس سی پوچھا جانا چاہیئے،حکومت کو کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے انجینئرز کا موقف سننا چاہئے.
ادارے کو بند کرنے کے حوالے سےجو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے وہ انتہائی تضحیک آمیز ہے، نوجوان انجینئرز شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہیں،اگرانجینئرز کیساتھ ایسا سلوک کیا جائے گا تو کون انجینئر آئے گا یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں لوگ انجینئرنگ کی تعلیم سے دلبرداشتہ ہو گئے ہیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسائل کے حل کیلئےاصلاحات کی جائیں .