اسلام آباد. آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے گزشتہ روز سندھ کے ضلع سانگھڑ میں سیمبر فارمیشن کے بلوچ-2 کنویں سے گیس کنڈینسیٹ دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ دریافت سنجھورو ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت بلوچ ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز (D&PL) کے علاقے میں سیمبر فارمیشن سے ہونے والی پہلی بڑی کامیابی ہے۔
بلوچ-2 کنویں کی کھدائی 24 فروری 2024 کو شروع کی گئی تھی اور مزکورہ کنویں کو 3,920 میٹر کی کل گہرائی تک سیمبر فارمیشن میں کامیابی سے ڈرل کیا گیا۔ یہ نئی دریافت او جی ڈی سی ایل اپنے انجینئرز کی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے اور اپنے جوائنٹ وینچر پارٹنرز (JVPs)کی تیکنیکی معاونت اور مہارت کی بدولت مزکورہ کنویں کی کھدائی اور تیل وگیس کی نئی پیداوار کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ۔ کنویں کے ڈرل اسٹیم ٹیسٹ-3 میں 6.8 ملین مکعب فٹ یومیہ (MMSCFD) گیس اور 388 بیرل کنڈینسیٹ یومیہ (BCPD) کی تصدیق ہوئی ہے۔
سیمبر فارمیشن، جو پاکستان کے وسطی اور زیریں سندھ طاس میں وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی ہے، اپنی ہائیڈرو کاربن صلاحیت کے لیے مشہور ہے۔ یہ دریافت نہ صرف سیمبر فارمیشن کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کی تصدیق کرتی ہے بلکہ سنجھورو بلاک میں ہائیڈرو کاربن کے مزید ذخائر کی تلاش اور ترقی کی راہ بھی ہموار کرے گی۔ او جی ڈی سی ایل اس ایریا میں اپنے بند کنوؤں کو دوبارہ فعال کرنے اور سیمبر فارمیشن کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لا کر پاکستان کی توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔