اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 32 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بحالی ہے۔ اے ڈی بی کے مطابق، اس قرضے سے دیہی علاقوں میں آل ویدر رابطہ کاری کو بہتر بنایا جائے گا اور 900 کلومیٹر سڑکوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ یہ سڑکیں پسماندہ علاقوں کو صحت اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی، اور خیبر پختونخوا کی ترقی سے ملک کے دیگر حصے بھی مستفید ہوں گے۔
اے ڈی بی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں موسمیاتی تبدیلیوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے، جس کی وجہ سے انفرا اسٹرکچر مسائل اور بیماریوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی، اور حکومت کو لینڈ سلائیڈنگ کے نقصانات کے تدارک میں مدد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، ٹھیکہ نظام میں بہتری لا کر روڈ مینٹیننس اور سیاحت کی صورتحال کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔