دواراکین کیخلاف ریفرنس دائر،قومی اسمبلی کی رکنیت ختم ہونے کا امکان

اسلام آباد ۔مسلم لیگ (ن) اور ق لیگ کی جانب سے اپنے دو اراکین کے خلاف بھیجے گئے ریفرنس پر اسپیکر آفس نے آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں کی اسمبلی رکنیت ختم ہونے کا امکان ہے۔

اسپیکر آفس کے ذرائع کے مطابق، آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت نے اسپیکر آفس کو ریفرنس ارسال کیا۔ اسپیکر نے اس معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے اسے الیکشن کمیشن کو بھیج دیا، جس میں دونوں اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو ممبران قومی اسمبلی عادل بازائی اور الیاس محمد چوہدری کے خلاف دونوں جماعتوں کے صدور کی جانب سے ریفرنسز موصول ہوئے ہیں۔

عادل خان بازائی کے خلاف ریفرنس پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے جبکہ الیاس محمد چوہدری کے خلاف پاکستان مسلم لیگ ق کی طرف سے دائر کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اراکین نے بجٹ سیشن کے دوران پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کی۔