سٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی زبردست تیزی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔کاروباری ہفتے کے تیسرے دن بازارِ حصص کا آغاز ہوتے ہی غیر معمولی تیزی دیکھی گئی، جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 254 پوائنٹس کے اضافے سے 85918 پوائنٹس کی نئی تاریخ ساز سطح پر جا پہنچا۔

بعد میں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا، اور کے ایس ای 100 انڈیکس 463 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ میں پہلی بار 86000 پوائنٹس کی نئی بلندی عبور کرتے ہوئے 86127 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

افراط زر میں کمی کے تناسب سے شرح سود میں نمایاں کمی کی توقعات، آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھلنے، اور سعودی عرب و خلیجی ممالک میں آئل اینڈ گیس کے شعبے میں ممکنہ سرمایہ کاری جیسے عوامل کی بدولت آج بدھ کو بھی اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیسرے دن بڑی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

مارکیٹ میں تیزی کے سبب متعدد حصص کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، جس سے ان کی مالیت میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا۔ رواں سال غیر ملکی سرمایہ کاری میں 17 فیصد اضافہ اور تجارتی خسارے میں کمی جیسے عوامل نے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کی آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر، اور بینکنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں کیپٹل مارکیٹ کا گراف بلند ہو رہا ہے۔